کولکا تا ، 4 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مشہور ہندی نیوز چینل این ڈی ٹی وی انڈیا پر ایک دن کی پابندی لگانے کے فیصلے کو لے کر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ اس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ملک میں ایمرجنسی جیسے حالات ہیں۔بنرجی نے ایک بیان میں کہاکہ این ڈی ٹی وی پر پابندی حیران کن والا فیصلہ ہے۔پٹھان کورٹ واقعہ کی کوریج کو لے کر اگر حکومت کو کوئی اعتراض تھا تو اس کے لیے قوانین قائد موجود ہیں، لیکن پابندی ایمرجنسی جیسے حالات کوظاہرکرتا ہے۔وزارتی پینل کل اس نتیجے پر پہنچا تھا کہ جب ہندوستانی فضائیہ کے کیمپ پر دہشت گردانہ حملہ ہو رہا تھا تب این ڈی ٹی وی انڈیاچینل نے اہم اوراسٹریٹیجک اعتبارسے حساس اطلاعات نشر کی تھیں ۔کیبل ٹی وی نیٹ ورک قانون کے تحت حاصل شدہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کی وزارت نے کہا تھا کہ ہندوستان بھر میں کسی بھی پلیٹ فارم کے ذریعے این ڈی ٹی وی انڈیا کی ایک دن کی نشر یات یا دوبارہ نشریات پر روک لگانے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔یہ فیصلہ 9؍ نومبر 2016کو رات 12 بج کر 1 منٹ سے 10؍نومبر 2016کو رات 12 بج کر 1 منٹ تک مؤثر رہے گا۔دہشت گرد انہ حملوں کی کوریج کو لے کر کسی بھی چینل کے خلاف دیا گیا یہ اپنی نوعیت کا پہلا حکم ہے۔اس بابت اصول گزشتہ سال نوٹیفائڈ کئے گئے تھے۔اپنے جواب میں چینل نے کہا ہے کہ یہ کسی بات کو اپنے اپنے نقطہ نظر سے دیکھنے کا معاملہ ہے اور جو اطلاعات ہم نے نشر کی ہیں وہ پہلے سے ہی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے تھیں۔